برف باری اور سردی نے امریکا کے شمال مشرقی علاقوں کو گھیر لیا ہے جس کے باعث کئی ریاستوں میں دفاتر اور اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور حکام نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔
امریکا کی اکثر ریاستیں سرد ہواوں کی لپیٹ میں ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں میں برف باری اور سردی کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ آئیوا، فلاڈیلفیا، پنسلوینیا اور مشی گن میں سڑکیں برف سے ڈھک گئی ہیں جس کے باعث ٹریفک کا
نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
سڑکوں پر پھسلن کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ ٹینیسی اور شمالی کیرولائنا کے زیادہ تر علاقوں میں دفاتر اور اسکول بند کر دیے گئے ہیں ۔
امریکا کے نیشنل ویدر سروس کے مطابق ویک اینڈ تک درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر جائے گا۔ نیویارک سے میئن تک سات ریاستوں میں پینتالیس میل فی گھنٹہ کی رفتار سے یخ بستہ ہوائیں چلنے کی وارننگ جاری کردی ہے۔